کراچی: دنیا بھر میں موجود پاکستانی کسی بھی معاملے کا ’جوگاڑ‘ نکالنے میں اپنا ایک الگ مقام رکھتے ہیں اور ایسے ایسے ’کارنامے‘ سرانجام دے جاتے ہیں کہ سننے والا ناصرف دنگ رہ جاتا ہے بلکہ ان کی سوچ کی داد دئیے بغیر نہیں رہتا کہ ایسا سوچنا بھی تو کمال ہی ہے۔
کراچی کی ایک خاتون نے بھی ’جوگاڑ‘ لگانے کی نئی مثال قائم کر دی اور بین الاقوامی فوڈ چین کو رمضان المبارک کے پیش نظر ’ڈیل‘ متعارف کرانے پر ایسا سبق سکھایا کہ یقینا وہ آئندہ کوئی بھی ڈیل نکالنے سے پہلے 100 بار سوچے گی۔ یوں تو مختلف کمپنیز اور فوڈ چینز کی جانب سے دنیا بھر میں مختلف مواقعوں پر ڈیلز متعارف کروائی جاتی ہیں جس سے صارفین بھرپور فائدہ بھی اٹھاتے ہیں لیکن کراچی کی یہ خاتون تو کچھ اور ہی سوچے بیٹھی تھی۔
شہر قائد میں واقع ایک مشہور بین الاقوامی فوڈ چین کی جانب سے ایک بینک کے اے ٹی ایم کارڈ پر ڈیل متعارف کروائی گئی جس کے تحت ایک صارف ایک دن میں 550 روپے کے ذریعے 4 زنگر برگر حاصل کر سکتا ہے اور ایک کارڈ پر 24 گھنٹے میں دو مرتبہ ڈیل سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
کراچی کی خاتون کو جب اس ڈیل کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ فوراً ایک دو نہیں بلکہ پورے 26 اے ٹی ایم کارڈ لے کر کراچی کے علاقے خیابان شہباز میں واقع فوڈ چین پہنچ گئیں اور ہر کارڈ کے عوض دو ڈیلز آرڈر کر ڈالیں اور 26800 روپے کا بل ادا کر کے 208 برگر لے کر یہ جا وہ جا۔
فوڈ چین کے منیجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خاتون کو برگر دینا تو ہماری مجبوری تھی کیونکہ کمپنی نے یہ ڈیل متعارف کروا رکھی تھی لیکن اس سے بھی دلچسپ بات یہ تھی کہ خاتون کو تمام کارڈز کے پن کوڈز بھی یاد تھے یا پھر انہوں نے پن کوڈذ اپنے موبائل میں سیو کر رکھے تھے۔
مذکورہ خاتون نے ان برگرز کو خود کھایا ہو گا یا پھر ان کے دوستوں نے دعوت اڑائی؟ اس بارے میں تو کچھ نہیں کہا جا سکتا البتہ مذکورہ فوڈ چین کو ایسا سبق ضرور مل گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی ڈیل کو متعارف کرانے سے پہلے وہ اس کے ممکنہ ’مضمرات‘ اور اس حوالے سے کسی بھی طرح کے ’جوگاڑ‘ کا حل پہلے تلاش کریں گے۔