وزیر اعظم کے حکم پر فوج نے اسلام آباد میں ذمہ داریاں سنبھال لیں

09:44 AM, 24 Apr, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے کورونا ایس او پیز پر علمدرآمد کیلئے فوج کو طلب کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو گیا، وفاقی دار الحکومت میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی۔

نیونیوز پاک فوج کے جوانوں نے اسلام آباد میں انتظامیہ  کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے۔ گشت کے دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں  کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کر لی تھی  جس کا مقصد ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرانا ہے۔

وزیر اعظم نے این سی سی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے احتیاط نہ کی تو بھارت جیسے حالات ہو سکتے ہیں، عوام سے کہتا ہوں ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، اگر عوام تعاون اور احتیاط کریں تو لاک ڈاؤن کی نوبت نہیں آئے گی۔

انھوں نے کہا ماسک پہننے سے آدھا مسئلہ حل ہو جاتا ہے، گھر سے باہر جاتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی کریں، بہ صورت دیگر کرونا کو روکنے کے لیے شہر بند کرنے پڑیں گے، مجھے آج لوگ کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن لگا دیں، لیکن آپ لاک ڈاؤن سے کتنی دیر بچ سکتے ہیں یہ آپ کے طرز عمل پر منحصر ہے۔

وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاآج کوئی ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہا، بہت تھوڑے سے لوگ عمل کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن لگا تو سب سے زیادہ نقصان غریبوں کو پہنچے گا، احتیاط نہ کی تو حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پاک فوج بھی سڑکوں پر نکلےگی، پاک فوج پولیس اور رینجرز کی مدد کرے گی۔

مزیدخبریں