مسجدالحرام ،مسجد نبوی میں 10 رکعت نماز تراویح کی ادائیگی

10:45 AM, 24 Apr, 2020

ریاض: سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات میں رمضان کا چاند نظر آجانے کے بعد آج پہلا روزہ ہے، گزشتہ شب مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عشاء اور تراویح کی ادائیگی کی گئی جس میں 20کے بجائے 10 رکعتیں ادا کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نماز تراویح کی منظوری دی، الحرمین الشریفین کی جنرل پریذیڈینسی نے بدھ کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔

اس سے قبل پریزیڈینسی کے صدر ڈاکٹر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے منگل کو یہ اعلان کیا تھا کہ الحرمین الشریفین میں اجتماعی نماز تراویح ادا کی جائے گی مگر دونوں مساجد میں اتھارٹی کے ملازمین ، ورکر ہی نماز تراویح ادا کرسکیں گے اور یہ 5 تسلیمات تک محدود ہوں گی، دو دو رکعت ادا کی جائیں گی، یعنی صرف 10 رکعت نماز ادا کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ حکام کے مطابق رمضان المبارک کے دوران میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں افطار کی ذمہ داری مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے صوبائی حکام کو سونپی گئی ہے، وہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے روزے داروں میں افطار کے کھانے تقسیم کریں گے۔

رمضان المبارک کے دوران دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی، ان میں صرف ضروری ملازمین کو داخلے کی اجازت ہوگی اور پیشگی احتیاطی تدابیر کو اختیار کرکے مرمت کا ضروری کام کیا جائے گا۔

دوسری جانب برطانیہ میں مسلم کمیونٹی تقسیم ہوگئی بعض آج اور بعض لوگ ہفتے کو اپنا پہلا روزہ رکھیں گے، جبکہ امریکا اور کینیڈا کے طے شدہ کلینڈر پر عمل کرنے والی مسلم تنظیموں کا بھی آج روزے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ جاپان، فرانس، یونان میں بھی آج پہلا روزہ ہے۔

مزیدخبریں