سعودی عرب میں نوجوان قیادت سامنے آگئی،متعدد شہزادے نائب گورنر بن گئے

03:35 PM, 24 Apr, 2017

ریاض:سعودی عرب میں بتدریج مگر بڑی تیزی سے نوجوان نسل کو اہم انتظامی اور حکومتی ذمے داریاں سونپی جارہی ہیں،اس کے دو مقاصد ہیں۔ایک تو انھیں مستقبل میں زمام کار سنبھالنے کے لیے تیار کرنا اور دوسرا ان کی صلاحیتوں سے کماحقہ فائدہ اٹھانا ہے۔خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے ہفتے کی شب جاری کردہ متعدد فرامین کے ذریعے متعدد شہزادوں کو اہم سرکاری مناصب سونپے گئے ہیں اور انھیں مملکت کے مختلف علاقوں میں نائب گورنر کے عہدوں پر فائز کیا گیا ہے۔ شاہ سلمان نے شہزادہ منصور بن مقرن بن عبدالعزیز کو عسیر کے علاقے کا نائب گورنر مقرر کیا ہے۔وہ اس سے پہلے سعودی ولی عہد کے دیوان میں کنسلٹینٹ تھے۔
جنرل اتھارٹی برائے سرمایہ کاری کے سابق گورنر شہزادہ سعود بن خالد بن فیصل بن عبدالعزیز کو مدینہ کا نائب گورنر بنایا گیا ہے۔شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بن محمد بن عبدالعزیز کو جازان اور شاہی دیوان کے سابق کنسلٹینٹ شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز کو الریاض کا نائب گورنر مقرر کیا گیا ہے۔لندن میں سعودی سفارت خانے میں سابق کنسلینٹنٹ شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان بن عبدالعزیز کو مشرقی علاقے کی نائب گورنری کا منصب سونپا گیا ہے۔
شہزادہ فہد بن ترکی بن فیصل بن ترکی کو قصیم ریجن، شہزادہ ترکی بن ہزلول بن عبدالعزیز کو نجران اور شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز کو مکہ کا نائب گورنر مقرر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں