لندن:برطانوی حکومت نے عالمی اقتصادی پابندیوں کی فہرست میں شامل 60 ایرانیوں کے بنک اکانٹ منجمد کردیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی اخبار گارجین نے انسانی حقوق گروپ بلیک اسٹون سالیسٹرز کے ایک عہدیدار کا بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے متنازع جوہری پروگرام کی وجہ سے پابندیوں کی زد میں آنے والے ساٹھ ایرانیوں کے بنک کھاتے منجمد کردیے ہیں۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے منصب صدارت سنبھالنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر طے پائے معاہدے پر نظر ثانی کے اعلان کے بعد برطانوی حکومت نے بھی ایرانیوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کیا ہے۔
ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد 60 ایرانیوں کے بنک کھاتے منجمد کیے گئے ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق بنکوں کی طرف سے ایرانیوں کے بنک کانٹس منجمد کرنے کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں، تاہم ذرائع ابلاغ نے رپورٹس میں بتایا ہے کہ بنک کھاتے متنازع جوہری سرگرمیوں کی وجہ سے بند کیے گئے ہیں۔
واضح ررہے کہ برطانوی حکومت نے اس ماہ کے اوائل میں ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران پر بعض اقتصادی پابندیاں اگلے آٹھ سال تک برقرار رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا تھا یہ پابندیاں دہشت گردی کی حمایت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی وجہ سے عاید کی گئی ہیں۔