پی ٹی آ ئی کو بڑا ریلیف ،سپریم کورٹ کے اکثریتی ججوں کا مخصوص نشستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری

پی ٹی آ ئی کو بڑا ریلیف ،سپریم کورٹ کے اکثریتی ججوں کا مخصوص نشستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد :سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں  کے کیس پر اکثریتی ججوں کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا 70 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا ،  جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی حقدار ہے۔

‏سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق اکثریتی فیصلہ اردو زبان میں بھی جاری کرنے کا حکم دے دیا، احکامات کے مطابق اردو ترجمے کو کیس ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے اور ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کیا جائےگا۔

تفصیلی فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن میں سب سے بڑا سٹیک عوام کا ہوتا ہے، انتخابی تنازع بنیادی طور پر دیگر سول تنازعات سے مختلف ہوتا ہے، یہ سمجھنے کی بہت کوشش کی کہ سیاسی جماعتوں کے نظام پر مبنی پارلیمانی جمہوریت میں اتنے آزاد امیدوار کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں؟فیصلے کے مطابق اس سوال کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا، پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا آزاد امیدوار بھی پی ٹی آئی کے امیدوار تھے اور ووٹرز نے ان کے پی ٹی آئی امیدوار ہونے کی وجہ سے انہیں ووٹ دیا۔


تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین سے متصادم ہے۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ریلیف دینے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی کی کیس میں فریق بننے کی درخواست ہمارے سامنے موجود تھی، عمومی طور پر فریق بننے کی درخواست پر پہلے فیصلہ کیا جاتا ہے، یہ عدالت متعدد مقدمات میں کہہ چکی مکمل انصاف کرتے ہوئے عدالت کسی تکنیکی اصول کی پابند نہیں۔

 فیصلے میں لکھا گیا ہے  کہ تحریک انصاف نے 2024 کے عام انتخابات میں قومی اور  صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں جیتی یا حاصل کیں ہیں۔ انتخابی نشان نہ دیناسیا سی جماعت کے انتخاب لڑنے کے قانونی اور آئینی حق کو متاثر نہیں کرتا، آئین یا قانون سیاسی جماعت کو انتخابات میں امیدوار کھڑے کرنے سے نہیں روکتا، تحریک انصاف قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی حقدار ہے، عوام کی خواہش اور جمہوریت کیلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں مزید کہا  کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے 80 میں سے 39ایم این ایز کو تحریک انصاف کا ظاہر کیا، الیکشن کمیشن کو کہا وہ باقی 41 ایم این ایز کے 15 روز کے اندر دستخط شدہ بیان لیں، الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو نوٹیفائی کرے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ملک میں جمہوری عمل کا ضامن اور حکومت کا چوتھا ستون ہے لیکن یہ  فروری 2024 میں اپنا یہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہا۔


تفصیلی فیصلے میں 8 ججز نے 2 ججز کے اختلافی نوٹ پر تحفظات کا اظہار کر دیا، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان نے 12 جولائی کے اکثریتی فیصلے کو آئین سے متصادم قرار دیا تھا۔اکثریتی ججز کے فیصلے میں کہا گیا کہ بھاری دل سے بتاتے ہیں دو ساتھی ججز امین الدین اور جسٹس نعیم افغان نے ہمارے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا، جس انداز میں دو ججز نے اکثریتی فیصلے پر اختلاف کا اظہار کیا وہ مناسب نہیں۔

فیصلے میں مزید  کہا گیا کہ بطور بنچ ممبران وہ قانونی طور پر حقائق اور قانون سے اختلاف کر سکتے ہیں، ساتھی ججز مختلف رائے بھی دے سکتے ہیں اور دوسرے کی رائے پر کمنٹس بھی دے سکتے ہیں تاہم جس طریقے سے ججز نے اختلاف کیا وہ سپریم کورٹ کے ججز کے تحمل اور شائستگی سے کم ہے۔

یاد رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا ، جبکہ  9 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

مصنف کے بارے میں