سی پیک دو قوموں کیلئے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے: وزیراعلٰی پنجاب

سی پیک دو قوموں کیلئے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے: وزیراعلٰی پنجاب

لاہور:  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سی پیک محض ایک منصوبہ نہیں یہ دو قوموں کے لیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔

 
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی اور چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات کر کے قومی دن پران کو مبارک باد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں چین کے قومی دن پر پاکستان کے لوگوں کی طرف سے مبارکباد پیش کرتی ہوں، پنجاب کے لوگ چینی بھائی بہنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ چینی قوم نے ترقی کے ساتھ ساتھ دنیا کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا، سی پیک پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کر رہا ہے، پاور کوریڈور سے لے کر عام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کر لیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ چین کی عظمت امن، تعاون، انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے، ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں، چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں۔ ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، پاکستان اور چین خوشحالی اور پُرامن مستقبل کی طرف ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں، ہر عالمی بحران میں چین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین ایک ایسے رہنما کے طور پر ابھرا جس کا وژن سرحدوں سے ماورا ہے، پاک چین دوستی کا بانڈ محض اسٹریٹجک مفادات پر نہیں، یہ دل اور روح کا رشتہ ہے، ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک اہم ترین ثبوت چین پاکستان اکنامک کوریڈور ہے۔

دوسری جانب چینی قونصل جنرل نے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نواز شریف آئی ٹی سٹی، کینسر ہسپتال، ایئر ایمبولینس اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا ذکر کیا۔

 ژاؤ شیریں نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ سولر پینل پروگرام سے پنجاب کے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔

مصنف کے بارے میں