لاہور : لاہور میں غیر معیاری انجیکشن سے شوگر کے 40 مریضوں کی بینائی متاثر ہوگئی ہے۔جعلی انجیکشن تیار کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم جعلی انجیکشن تیار کرکے 12 سو میں فروخت کرتے تھے جبکہ اصل انجیکشن کی قیمت 40 ہزار سے ایک لاکھ تک ہے۔
ماہر امراض چشم ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ جعلی انجیکشن سے شوگر کے مریضوں کی آنکھوں کے پردے متاثر ہوئے جبکہ انفیکشن سے 12 افراد کی بینائی ضائع ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا کہ یہ انجیکشن ٹھوکر نیاز بیگ میں تیار ہوتے ہیں۔ انجیکشن کی تیاری میں غفلت سے لوگوں کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری انجیکشن لگنے سے مریضوں کی آنکھوں میں انفیکشن ہوا۔
نگراں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ مارکیٹ سے غیر معیاری انجیکشنز کا سارا اسٹاک اٹھا لیا گیا ہے۔