اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں کی آواز پاکستان کے حالات پر بھر آتی ہے اور عمران خان پاکستان میں مسلسل نفرت کی سیاست کر رہے ہیں،عمران خان کا دل پاکستانیوں کے لیے نرم نہیں ہو رہا۔ وہ مسلح افواج کے لیے غلط الفاظ استعمال کر رہے ہیں ۔
اسلام آبا د میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ ملک موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے،حکومت کی توجہ بے آسرا خاندانوں کی بحالی پر مرکوز ہے،بلوچستان اور سندھ جنوبی پنجاب ،کوہستان اور گلگت میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے،لاکھوں افراد بے گھر ہیں دور دور تک پانی کھڑا ہے،ان لوگوں تک پہنچنا حکومت اور معاشرے کی افراد کی ذمہ داری ہے،این جی اوز اور مخیر حضرات مل کر متاثرہ افراد تک امداد پہنچا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے بیانیے پر یہ جواب دے رہا ہوں،اس تباہی نے اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر کے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے،عمران ٹولا اس موقع پر بھی انتشار پھیلا رہے ہیں ،اگر وہ مدد نہیں کر سکتے تو خاموش رہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام رکوانے کی کوشش میں وہ ناکام ہوئے۔ سیلاب پر عمران کی حکومت کی مدد نہ کرنے کی بات کو دنیا نے تسلیم نہیں کیا،ملک کی تباہی قدرتی آفت ہے یہ تباہی دنیا بھر کی موسمیاتی بد انتظامی کا نتیجہ ہے ،پاکستان عالمی سطح پر اپنا حق مانگ رہا ہے،عمران اس معاملے کو خراب کر رہے ہیں،سیلاب متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلئے پاک افواج کام کر رہی ہے ،عمران خان فوج کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ رویہ ملک اور سیاست کیلئے ٹھیک نہیں ،لوگ دشمنیاں بھلا کر آپس میں مل لیتے ہیں ،تباہی نے دنیا کے دل کو پگھلا دیا،عمران ملک کی مدد کرنے والوں کو بدگمان کر رہے ہیں ،آپ کو اسلام آباد پر چڑھائی کی بجائے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنی چاہیے،مجھے چور ڈاکو کہنے والے کو ہائی کورٹ نے ان کی حیثیت بتا دی ہے،30 ارب ڈالر سیلاب کا نقصان ہوا ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پونے چار سال میں پچاس ارب ڈالر کا ٹیکہ لگایا ہے۔ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب سے چار سال میں کم ہو کر پچاس ارب رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے ملک کا نقصان کیا ہے،آپ کے فارن ڈونرز نے آپ کو یہی ٹاسک دیا ہے،عمران کی بیرونی امدادرکوانے کی مہم ملک نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف ہے،عمران دوبارہ چور دروازے سے وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں،امدادی اداروں کے خلاف منفی بیان بازی کی بجائے خاموش رہیں ۔