اسلام آباد: سینئر صحافی ایاز امیر نے بیٹے کے ہاتھوں بہو کے قتل کے واقعے کے حوالے سے کہا ہے کہ ایسا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے اور یہ صدمہ کسی کو اٹھانا نہ پڑے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں فارم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر کا کہنا تھا کہ ایسا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے۔
صحافی نے ان کے بیٹے سے متعلق سوال کیا کہ ایسا کہا جا رہا ہے شاہ نواز نشے میں تھا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ قانونی معاملہ ہے، اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں؟
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے 37 سالہ بیٹے شاہ نواز نے اپنی 37 سالہ بیوی سارہ کو گھر میں قتل کر دیا جس پر پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے، جو بھی حقائق سامنے آئے وہ شیئر کئے جائیں گے جبکہ مقتولہ سارہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے پمز ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی جگہ کا فرانزک ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق شاہ نواز نے مبینہ طور پر ’ڈمبل‘ کا وار کر کے سارہ کو قتل کیا۔