نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس ڈونرز کانفرنس کرنے پر آمادہ ہو گئے ہیں اور اس کا فوری طور پر انتظام کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب کی وجہ سے اب تک 1500 سے زائد افراد کا انتقال ہو چکا ہے اور معیشت کو 30 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق پوری دنیا کو آگاہ کیا ہے، دنیا کو بتایا ہے کہ سیلاب سے ملک کی معیشت، زراعت اور صنعت کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اور آج بھی مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہوئی جن میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جاپان کے وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) اور یورپی ممالک کے لیڈرز سے بھی ملاقات ہوئی، بیلجیئم کے وزیراعظم سے بھی ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مصیبت کے وقت دشمن بھی ایک دوسرے پر وار کرنا چھوڑ دیتے ہیں، یکجہتی اور دکھی انسانیت سے عملی ہمدردی کیلئے ذاتی پسند ناپسند سے بالاتر ہو کر سوچنا ہو گا۔