نوٹسز کا جواب دینے کیلئے فواد چودھری اور اعظم سواتی نے مہلت مانگ لی

نوٹسز کا جواب دینے کیلئے فواد چودھری اور اعظم سواتی نے مہلت مانگ لی
کیپشن: نوٹسز کا جواب دینے کیلئے فواد چودھری اور اعظم سواتی نے مہلت مانگ لی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن کو نوٹسز کا جواب دینے کے لیے مہلت مانگ لی۔ دونوں  وزرا نے مہلت دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست بھجوا دی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کے مطابق انہوں نے الیکشن کمیشن کو جواب دینے کے لیے 6 ہفتوں کی مزید مہلت مانگی ہے جبکہ فواد چودھری کی جانب سے ان کے وکیل آفتاب مقصود ہوں گے۔

گزشتہ دنوں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کر دی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد وفاقی وزرا نے بھی پریس کانفرنس کی تھی جس میں بھی الزام تراشی کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الزام تراشی پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چودھری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی کو 16ستمبر کو نوٹس بھجوائے تھے اور دونوں وزراکو جواب دینے کے لیے7 دن کا وقت دیا تھا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا کی درخواست ملنے پر مہلت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ ہو گا۔