اسلام آباد: وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا پاکستان میں ہمیشہ انتخابات کے بعد تنازعات ہوتے ہیں اور اگر اب بھی ہم نے قبلہ درست نہ کیا تو آئندہ انتخابات بھی متنازع ہوں گے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کےوژن کےمطابق شفاف انتخابات کیلئے ٹیکنالوجی کااستعمال ناگزیر ہے اور شفاف انتخابات کیلئے ای وی ایم جیسی ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے جبکہ اپوزیشن کو دعوت دی لیکن مخالفت برائے مخالفت جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمیشہ انتخابات کے بعد تنازعات ہوتے ہیں اور اگر اب بھی ہم نے قبلہ درست نہ کیا تو آئندہ انتخابات بھی متنازع ہوں گے لیکن ہم چاہتے ہیں ملک میں شفاف الیکشن ہو اور ایسا نہیں ووٹنگ مشین سے ہمارے ووٹ بڑھ جائیں گے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا ہمارا یہ مقصد نہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی بنائی گئی مشین ہی استعمال ہو گی لیکن ہم نے صرف ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں مشین بن سکتی ہے اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں جبکہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن نے کہا ای وی ایم غلطیوں سے پاک ہونی چاہیے جو خوش آئندبات ہے۔