گلوکار اذان سمیع خان کا والد کو غدار کہنے پر پیار بھرا جواب

01:42 PM, 23 Sep, 2021

اسلام آباد :  گلوکار و موسیقار اذان سمیع خان نے سوشل میڈیا پر اپنے والد عدنان سمیع خان کو ’غدار‘ قرار دینے والے شخص کو پیار سے  جواب دے کر سب کے دل جیت لیے۔

گلوکار و موسیقار اذان سمیع خان کے والد عدنان سمیع خان نے سال 2015 میں بھارتی شہریت حاصل کی تھی۔ والد کی جانب سے پاکستان چھوڑ کر بھارت میں رہائش اور وہاں کی شہریت حاصل کرنے پر اذان سمیع خان کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے

حال ہی میں ان کی انسٹاگرام پوسٹ پر بھی ایک شخص نے نفرت انگیز کمنٹ کیا۔گلوکار کی تصویر پر ایک شخص نے کمنٹ کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ ’وہ اپنے غدار والد سے ملنے بھارت کب جا رہے ہیں‘؟

 جس پر اذان سمیع خان نے سوال کرنے والے شخص کو پیار بھرا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک پاکستان سے والد سے ملنے کے لیے کہیں بھی جا سکتے ہیں۔

اذان سمیع خان نے لکھا کہ وہ ان کے والد ہیں اور ان سے ملاقات کے لیے وہ کہیں بھی جا سکتے ہیں۔

ساتھ ہی اذان سمیع خان نے سوال کرنے والے شخص کو ہدایت کی کہ وہ موج مستیاں کریں اور پیار پھیلائیں۔ 

اذان سمیع خان کی جانب سے نفرت انگیز سوال کا جواب پیار سے دینے پر کئی شوبز شخصیات اور عام لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں۔

اس سے قبل بھی اذان سمیع خان کو والد کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، 2019 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ والد کی جانب سے بھارت میں رہائش اختیار کیے جانے پر کئی لوگ انہیں مسلسل پیغامات بھجواتے ہیں۔انہوں نے بتایا تھا کہ والد کے فیصلے کی وجہ سے ان پر تنقید کی جاتی ہے مگر وہ بطور بیٹا اپنے والد کو غلط نہیں کہہ سکتے۔

اذان سمیع خان نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ اگرچہ وہ والد کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں مگر وہ پاکستان کبھی نہیں چھوڑیں گے اور یہیں پر ہی کام کریں گے، یہ ملک اور یہاں کی شوبز انڈسٹری ان کی اپنی ہے۔

یاد رہے کہ عدنان سمیع خان نے بھارتی و پاکستانی فلموں کے لیے متعدد گیت گائے، وہ پہلی مرتبہ 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزیٹ ویزے پر بھارت گئے تھے، جس کے بعد ان کے ویزا میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی۔عدنان سمیع خان کو 2015 میں بھارتی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا تھا، اب وہ وہیں مقیم ہیں۔

مزیدخبریں