اسلام آباد: صدر مملکت کی اہلیہ اور خاتون اول ثمینہ علوی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
اس بات کی تصدیق انہوں نے خود ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کی۔ ثمینہ علوی کا کہنا تھا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ مجھے کچھ کمزوری محسوس ہو رہی ہے تاہم الحمدللہ میں ٹھیک اور میں بہتر محسوس کر رہی ہوں۔
خاتون اول ثمینہ علوی نے اپنی ٹویٹ میں عوام سے اپیل کی کہ وہ مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے 15 مارچ 2021ء کو اسلام آباد کے ویکسی نیشن سینٹر سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائے تھے۔
صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پہلی ڈوز لگنے کے بعد 30 مارچ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے۔ صدر نے کہا تھا کہ انھیں اس دوران جسمانی تھکاوٹ اور بخار کا سامنا رہا۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ وہی کرتا ہے کہ کس کا وقت آگیا ہے اور کس کا نہیں لیکن عوام سے اپیل ہے کہ وہ ایس او پیز کا خیال رکھیں اور براہ کرم ماسک پہنیں۔