لاہور: ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسی نیشن کا اندراج کر دیا گیا ہے۔
نواز شریف کی ویکسی نیشن کا گزشتہ روز لاہور کے کوٹ خواجہ سعید کے ہسپتال میں جعلی اندراج کرتے ہوئے اسے نادرا پورٹل پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔
نادرا ریکارڈ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سائنو ویک کی پہلی خوراک لگائی گئی۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ نواز شریف تقریباً دو سال قبل علاج کیلئے لندن گئے لیکن ابھی تک واپس نہیں آئے۔
دوسری جانب یہ کورونا ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کا پہلا واقعہ نہیں جو رپورٹ ہوا ہے۔ اس سے قبل کئی کیسز ایسے رپورٹ ہو چکے ہیں کہ محکمہ صحت اور نادرا کے عملے میں موجود بعض عناصر پیسوں کے عوض لوگوں کے جعلی ویکسی نیشن سرٹیفیکٹس بنا رہے ہیں۔