غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر خواتین کو بلیک میل کرنے والی ملزمہ گرفتار  

11:07 AM, 23 Sep, 2021

گوجرانوالہ: پولیس نے غیر اخلاقی اور نازیبا ویڈیو بنا کر خواتین کو بلیک میل کرنے والی ملزمہ کو حراست میں لے لیا ہے۔

فیڈرل انوسٹی گیشن (ایف آئی اے) حکام کا کہنا ہے کہ یہ شاطر ملزمہ ناصرف خواتین کی غیر اخلاقی ویڈیو بناتی بلکہ ان کے ذریعے انھیں بلیک میل کرکے دبئی جانے کیلئے دباؤ ڈالتی تھی۔

ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزمہ سے تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ ایک اکرام نامی شخص کیساتھ مل کر دبئی میں جسم فروشی اور فحاشی کا اڈہ چلاتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے سرائے عالمگیر کی ایک خاتون کیساتھ بھی یہ فعل سرزد کیا جس کے بعد اس نے دونوں کیخلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔

متاثرہ خاتون کی شکایت پر ملزمہ کو گوجرانوالہ سے گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ خواتین کی جانب سے غیر اخلاقی ویڈیوز اور فوٹوز بنا کر خواتین کو بلیک میل کرنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔

ایف آئی اے کے اعدادوشمار کے مطابق لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں 2019ء میں سائبر کرائم کے سینکڑوں مقدمات درج ہوئے جس میں 67 مقدمات خواتین کی بلیک میل سے متعلق تھے، ان مقدمات میں شکایت کنندہ بھی خواتین ہی تھیں۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پڑھی لکھی خواتین میں اپنی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بنانے یا بنوانے کا رجحان دیکھا گیا ہے جبکہ بلیک میلنگ کے مقدمات میں گرفتار زیادہ تر مرد بھی پڑھے لکھے ہی ہوتے ہیں۔

خواتین کو بلیک میل کرنے والوں کی بڑی تعداد میں دوست، منگیتر اور سابق شوہر شامل ہوتے ہیں۔ جبکہ خواتین کی جانب سے مردوں کو بھی بلیک میل کرنے کے واقعات تواتر کیساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں