جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 40.3 فیصد اضافہ  

40.3% increase in remittances of Pakistanis working in Germany
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں نے 85.7 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.3 فیصدزیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں نے 61.1 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

اگست 2021ء میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 42.4 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 66.14 فیصد زیادہ ہے۔

اے پی پی میں شائع خبر کے مطابق گزشتہ سال اگست میں جرمنی سے ترسیلات زر کا حجم 25.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں ترسیلات زرمیں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔