لاپتہ افراد کمیشن کااسلام آباد میں مبینہ لاپتہ افراد کے کیسز پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس

03:53 PM, 23 Sep, 2020

 اسلام آباد :  لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی صدارت میں اسلام آباد میں مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کے کیسز پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔

پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر آفس اور انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس وقت لاپتہ افراد کمیشن نے اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے 49 کیسز زیر سماعت ہیں جن پر اجلاس میں غور کیا گیا۔ تفصیلی بحث کے دوران معلوم ہوا کہ کمیشن کی حالیہ ہدایات کی روشنی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اور آئی سی ٹی ٹاسک فورس نے 30 سے زائد مقدمات سے متعلق اہم معلومات حاصل کی ہیں جن کی اب کمیشن باقاعدہ طورپر سماعت کرے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک لاپتہ شخص عبدالقدوس گھر واپس پہنچ گیا ہے۔ لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے اجلاس کے شرکا پر زور دیا کہ وہ زیرتفتیش تمام مقدمات پر خصوصی توجہ دیں تاکہ انہیں جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ اجلاس کے شرکا نے انہیں یقین دلایا کہ ان مقدمات کو بحال کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ اسلام آباد کی حدود میں لاپتہ افراد سے متعلق کیسز کے جائزہ کے بارے میں آئندہ اجلاس نومبر میں ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں