پاکستان پٹرولیم کی آمدنی میں گزشتہ مالی سال کے دوران 18.5 فیصد کمی

02:34 PM, 23 Sep, 2020

 اسلام آباد : گزشتہ مالی سال 2020 کے دوران پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 18.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جون 2019-20 کے دوران پی پی ایل کی خالص آمدن 50 ارب 25 کروڑ 60 لاکھ روپے تک کم ہو گئی جبکہ کے اس کے مقابلہ میں جولائی تا جون 2018-19 کے لئے کپنی کو 61 ارب 63 کروڑ 20 لاکھ روپے کی بعد از ٹیکس آمدن حاصل ہوئی تھی۔

اس طرح مالی سال 2019 کے مقابلہ میں مالی سال 2020 میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدن میں 11 ارب 37 کروڑ 60 لاکھ روپے یعنی 18 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بعد از ٹیکس منافع میں کمی کے نتیجہ میں پی پی ایل کی فی حصص آمدنی بھی 22.65 روپے کے مقابلہ میں 18.47 روپے فی حصص تک کم ہو گئی ہے۔

مزید برآں گزشتہ مالی سال میںپی پی ایل کو صارفین کے ساتھ معاہدوں کی صورت میں ہونے والی آمدن بھی 3.8 فیصد کمی سے ایک کھرب 63 ارب 89کروڑ روپے کے مقابلہ میں ایک کھرب 57 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ روپے تک کم ہوئی ہے جبکہ آپریٹنگ اخراجات6.9 فیصد اضافہ سے 40 ارب 70 لاکھ روپے کے مقابلہ میں 42 ارب 76 کروڑ روپے تک بڑھ گئے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی عمومی آمدن مالی سال 2019 کے مقابلہ میں 2020 کے دوران 8.6 فیصد کم ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں پی پی ایل کے بعد از ٹیکس منافع میں کمی ہوئی ہے۔

مزیدخبریں