سکینڈ الیون ٹیموں کی دوسری کوویڈ 19ٹیسٹنگ رپورٹ بھی منفی آگئی

سکینڈ الیون ٹیموں کی دوسری کوویڈ 19ٹیسٹنگ رپورٹ بھی منفی آگئی

لاہور:پہلے کوویڈ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سیکنڈ الیون میں شامل دو افراد کے علاوہ باقی تمام کھلاڑٰیوں اور سپورٹ سٹاف کے دوسرے کوویڈ 19ٹیسٹ کی دوسری رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ان دو افراد کے دوسرے کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔


ان مسلسل  2ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف نیشنل ٹی 20کپ سکینڈ الیون ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے لاہور میں بنائے گئے بائیو سکیور ببل  کا حصہ بن گئے ہیں ،جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔

21ستمبر کو لئے گئے دوسرے کوویڈ19ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب کے سنٹرل سٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے سکینڈ الیون سکواڈز آج پی سی ہوٹل لاہور میں پہنچ جائیں گے،جہاں وہ یکم اکتبوبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی 20کپ سکینڈ الیون ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔

ادھر سنٹرل پنجاب ،خیبر پختونخوا،ناردرن اور سدرن پنجاب سکواڈز پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں۔دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سکینڈ الیون سکواڈز میں شامل کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف اب 23ستمبر سے قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغاز کردیں گے۔

سندھ سکینڈ الیون ٹٰیم کے کپتان فواد عالم آج لاہور پہنچیں گے۔دورہ انگلینڈ سے وطن واپس پہنچنے والے فواد عالم کے پہلے کوویڈ 19ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔فواد عالم کا دوسرا کوویڈ19ٹیسٹ کل لاہور میں ہوگا۔

دوسری جانب بلوچستان فرسٹ الیون ٹیم کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر کے قرنطینہ کی مدت کل مکمل ہوجائے گی،جس کے بعد انہیں سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔اس دوران ان دونوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔