پاکستان اور چین سی پیک منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہیں: وزیر خارجہ

11:04 AM, 23 Sep, 2020

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی قیادت سی پیک سیکنڈ فیز کے تمام منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔

انہوں نے یہ بات سبکدوش ہونے والے چینی سفیر یائوجنگ کیساتھ ملاقات میں کہی۔ سفیر یائوجنگ وزارت خارجہ پہنچے جہاں ان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم ایشوز پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دیرپا دوستی دنیا بھر کیلئے ایک مثال ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کیلئے سفیر یائوجنگ کے کام کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئے آنے والے سفیر بھی اسی جذبے کے تحت اپنے کام کو آگے بڑھائیں گے۔

وزیر خارجہ نے چینی سفیر یائوجنگ کو ان کی خدمات کے صلے میں پاکستان کی جانب سے ملنے والے ہلال پاکستان کے اعزاز پر انھیں مبارکباد دی۔

چینی سفیر یائوجنگ نے پاکستان میں قیام کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے ملنے والے تعاون پر ان کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں