لاہور:سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم بن چکا ہے جس پر آئے دنوں کوئی نہ کوئی حیران کن چیز دیکھنے کو ملتی ہے جبکہ پاکستان ایسی زرخیز سرزمین ہے جہاں پر بے پناہ ٹیلنٹ پایا جاتا ہے جوکہ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اپنی موت آپ ہی مر جاتا ہے۔
حال ہی میں فیس بک پر ایک لڑکے کی نعت پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا صارفین کو اپنی آواز کے سحر میں جکڑ لیا۔
اب اداکارہ ارمینہ خان نے اپنے آنے والے شو کے سیٹوں سے ایک کلپ شیئر کیا ہے جہاں ایک سپاٹ بوائے سجاد علی کا مقبول گانا ہر ظلم تیرا یاد ہے گاتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ارمینہ خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں قسم کھاتی ہوں کہ پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے جو کہ ضائع ہورہا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں آپ کو آج ہمارے سپاٹ بوائے دریا بھائی کے بارے بتاتی ہوں جو کہ میرے پسندیدہ انسان ہیں۔
لیکن مجھے آج سے پہلے بالکل بھی پتہ نہیں تھا کہ وہ دریا بھائی کتنے ٹیلنٹڈ انسان ہیں۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں کیلئے دریا بھائی کی گانا گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے کہا کہ لطف اندوز ہوں اور اپنی رائے کا اظہار کمنٹ کرکے کریں۔جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی ویڈیو کو کافی پسند کیا گیا ۔