لاہور: حکومت کی جانب سے گزشتہ روز چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز کھولنے کی اجازت دی تھی۔ تمام سکولوں میں حکومت کے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد لازم ہوگا۔
تفصیل کے مطابق حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قواعد وضوابط کے تحت آج (بدھ) سے سکولوں کو چھٹی سے آٹھویں جماعت تک تدریسی عمل شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
تاہم وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی صورتحال کا مزید جائزہ لے کر اس فیصلے پر ایک ہفتہ بعد عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیراور راولا کوٹ کے تعلیمی ادارے بھی آج (بدھ) سے نہیں کھلیں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ ایک ہفتے کے لئے کورونا وائرس کی صورتحال کی سخت نگرانی کے بعد حکومت پرائمری سطح کے اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے والدین، طلبہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے قواعد وضوابط پر سختی سے عملدرآمد کریں۔