وزیراعظم لاہور پہنچ گئے، پی ٹی آئی حکومت کا مقامی حکومتوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ

وزیراعظم لاہور پہنچ گئے، پی ٹی آئی حکومت کا مقامی حکومتوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے جہاں وہ نئے بلدیاتی نظام پر حکام سے بریفنگ لیں گے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے مقامی حکومتوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت نے نئے مقامی حکومتوں کے نظام کا ڈرافٹ تیار کرلیا جس کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے اضلاع میں انتظامی سربراہ مئیر جبکہ تحصیل کا سربراہ ڈپٹی میئر ہوگا جن کا انتخاب براہ راست کرنے کی تجویز ہے۔


نئے نظام کے تحت پولیس اور ضلعی انتظامیہ میئر کے ماتحت ہوگی اور ضلع کے مالی اختیارات بھی میئر کے پاس ہوں گے، ضلع کے پولیس اور انتظامی سربراہ کی کارکردگی رپورٹ لکھنے کا اختیار مئیر کو ہوگا،مقامی حکومتوں کے نئے مجوزہ نظام کے تحت پولیس، عدالتی محکموں، صحت و تعلیم کے شعبوں کے اختیارات بھی ضلعی حکومتوں کے پاس ہوں گے۔


صوبائی وزیراعلیٰ اور وزراءنئے مقامی حکومتوں کے نظام میں مداخلت نہیں کرسکیں گے اور ضلعی حکومتیں مالی طور پر خودمختار ہوں گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر اعلی سطح مشاورتی اجلاس آج لاہور میں طلب کیا گیا ہے اور مشاورت کے بعد نئی اصلاحات کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر بلدیات علیم خان ملاقات کریں گے ۔سینئر وزیر علیم خان وزیراعظم کو 100 روزہ پلان اور مجوزہ نئے بلدیاتی نظام پر بریفنگ دیں گے۔وزیراعظم پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جب کہ وہ بیورو کریسی کے مختلف اجلاسوں سے بھی خطاب کریں گے۔


بعد ازاں 4 وزراءوزیراعظم کو اپنے محکموں کی ترجیحات سے بھی آگاہ کریں گے اس دوران وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر جنگلات سبطین خان اور وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اہم منصوبوں کی منظوری بھی لیں گے۔


قومی کمیشن برائے پولیس اصطلاحات کے سربراہ ناصر خان درانی بھی وزیراعظم سے آج ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اپنی سیاسی ٹیم کے ساتھ ضمنی الیکشن کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔