کیلیفورنیا :میٹا نے واٹس ایپ میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کانٹیکٹس کا نظام مکمل طور پر تبدیل کیا جائے گا۔ اب واٹس ایپ میں محفوظ کردہ کانٹیکٹس براہ راست ایپ میں موجود ہوں گے جس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کا فون گم یا خراب ہو جائے تو آپ کو انہیں دوبارہ محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
فی الحال، صرف وہی کانٹیکٹس محفوظ کیے جا سکتے ہیں جو آپ کے پرائمری فون میں ہیں، اور ایک ڈیوائس پر دو اکاؤنٹس کے استعمال پر بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نئی کانٹیکٹ منیجر فیچر کی بدولت، واٹس ایپ میں کانٹیکٹس کو محفوظ کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی، آئیڈنیٹی پروف لنکڈ اسٹوریج (آئی پی ایل ایس) کا استعمال کیا جائے گا، جو انکرپٹڈ نام اور نمبر فراہم کرے گی، اور ان تک رسائی صرف آپ کے لیے ہی ہوگی۔
یہ فیچر چند ہفتوں میں پہلے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ پر متعارف کرایا جائے گا، اور بعد میں دیگر ڈیوائسز میں بھی دستیاب ہوگا۔ مزید یہ کہ مستقبل میں صارفین اپنے کانٹیکٹس کو یوزرنیم کے ساتھ بھی محفوظ کر سکیں گے، جس سے وہ بغیر فون نمبر شیئر کیے دوسروں سے بات چیت کر سکیں گے۔