کراچی : کراچی کے علاقے کلفٹن میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا بیٹا شاہ زیب نقوی جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ صبح کلفٹن انڈر پاس کے قریب اس وقت ہوا جب گاڑی الٹ کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں شاہ زیب سر پر شدید چوٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کا دوست محمد الیاس زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق شاہ زیب عسکری فور، راشد منہاس روڈ کا رہائشی تھا اور وہ ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار اور مرحوم صحافی سید انصار علی نقوی کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔ حادثے کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کر کے میت اہل خانہ کے حوالے کر دی۔
اہلِ خانہ کے مطابق شاہ زیب کی نماز جنازہ آج رات بعد از عشاء عسکری 4 کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔