اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔
سماعت کے دوران، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی تفصیلات پر تبصرہ کرتے ہوئے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر عمیر مجید کے دلائل سنے۔
اس دوران، جسٹس میاں گل حسن نے آذربائیجان میں ایک میوزیم کا ذکر کیا جہاں عالمی رہنماؤں کے ملنے والے تحائف کی تصاویر رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہاں یاسر عرفات کا مسجد اقصیٰ کا ماڈل بھی موجود ہے، لیکن بدقسمتی سے کسی پاکستانی حکمران یا شخصیت کی تصویر وہاں نظر نہیں آئی۔
آخر میں عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہائی دینے کا حکم دیا۔ جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ انہیں رہائی کے لیے 10 لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے ہوں گے۔