اسلام آباد : ملک میں میسیجنگ اور کال ایپلیکیشن واٹس ایپ کی ہیکنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم نے بتایا ہے کہ صرف چار مہینوں کے دوران 1,426 واٹس ایپ ہیکنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق، یکم جولائی 2024 سے اب تک یہ شکایات ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو جمع کرائی گئی ہیں۔ وزارت نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے 549 ہیک شدہ اکاؤنٹس کو بحال کر دیا ہے، جبکہ 877 شکایات پر کام جاری ہے۔
یہ صورتحال صارفین کے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکی ہے، اور انہیں اپنی سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔