اسرائیل نے حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈ روم تک پہنچنے کا اعتراف کرلیا

اسرائیل نے حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈ روم تک پہنچنے کا اعتراف کرلیا

تل ابیب : اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ ہفتے کے روز حزب اللہ کے ڈرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر بیڈروم کی کھڑکی کو نشانہ بنایا۔ یہ واقعہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے شہر قیصریہ میں ڈرون حملے کے دوران پیش آیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق، حزب اللہ نے نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے، مگر خصوصی حفاظتی شیشے کی وجہ سے ڈرون اندر نہیں داخل ہوسکا۔ اس واقعے کے وقت نیتن یاہو اور ان کی فیملی گھر پر موجود نہیں تھے، جیسا کہ ان کے دفتر کی جانب سے بتایا گیا۔

اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ اس واقعے کی خبر شائع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، اور ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں نیتن یاہو کے گھر کا متاثرہ حصہ دیکھا جا سکتا ہے۔

نیتن یاہو نے اس حملے کو اپنے قتل کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی ایجنٹوں نے بڑی غلطی کی ہے اور یہ حملہ انہیں جنگ روکنے پر مجبور نہیں کر سکے گا۔ دوسری جانب، اسرائیلی کابینہ کے اراکین نے اس واقعے پر آرمی چیف پر تنقید کی، جس پر آرمی چیف نے بتایا کہ متعدد ڈرون حملے ناکام بنائے گئے ہیں اور فوج اپنی صلاحیتوں کو بہتر کر رہی ہے۔

حزب اللہ کے میڈیا آفس کے سربراہ محمد عفیف نے بھی بیروت میں ایک پریس بریفنگ کے دوران اس حملے کی ذمہ داری قبول کی، اور بتایا کہ نیتن یاہو کے گھر کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم ان کے گھر پر نہ ہونے کی وجہ سے وہ بچ گئے۔

مصنف کے بارے میں