اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے 4 اراکین قومی اسمبلی کو پارٹی قیادت سے رابطے میں نہ رہنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
جن اراکین کو یہ نوٹس ملا ہے، ان میں شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی، اسلم گھمن، مقداد علی خان، اور ریاض فتیانہ شامل ہیں۔
یہ نوٹس 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے دوران پارٹی قیادت سے عدم رابطہ کی بنیاد پر جاری کیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ تین اراکین اسمبلی نے ووٹنگ سے قبل قیادت سے رابطہ منقطع کر لیا تھا، جن میں آزاد امیدوار اورنگزیب کھچی، عثمان علی، اور ظہور قریشی شامل تھے۔ ظہور قریشی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ملک سے باہر ہیں، جبکہ وہ دراصل ملک میں موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خدشہ تھا کہ یہ اراکین اسمبلی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈال سکتے ہیں، جس کی وجہ سے پارٹی قیادت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیے۔