افغانستا ن کا دوسرابڑا اپ سیٹ ، پاکستان کو8 وکٹوں سے ہرا دیا

09:41 PM, 23 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

چنائی: کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ہوگیا ہے۔ افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرادیا ہے۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے افغانستان نے  پاکستان کو  8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ابراہیم زدران 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہےجبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ پاکستان نے اب تک ورلڈکپ میں 5 میچز کھیلے جس میں 2 میں کامیابی ہوئی جبکہ 3 میچز میں شکست ہوئی ہے۔

چنائی میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، بابر اعظم 74 اور عبد اللہ شفیق 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔ افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، محمد نواز بخار کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں، ان کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔افغانستان کے خلاف  کھیلتے ہوئے  اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 56 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو  پہلا نقصان اٹھانا پڑا، امام 17 رنز بناکر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند کا شکار ہوئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد بابر اور عبد اللہ شفیق کے درمیان بھی 54 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر عبد اللہ 58 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 

اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 8 رنز بناکر نور احمد کا شکار ہوئے جبکہ سعود شکیل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایسے میں کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ بھی 92 گیندوں پر 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ افتخار احمد اور شاداب خان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی، افتخار 27 گیندوں پر 40 اور شاداب 38 گیندوں پر 40  رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی 3 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔یوں پاکستان نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے نوجوان سپنر نور احمد نے 3، فاسٹ بولر نوین الحق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد نبی اور عظمت اللہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹرز نے شروع سے ہی پاکستان بائولرز کا جم کر مقابلہ کیا، دونوں اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم کو 130 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔گرین شرٹس کی جانب سے گندی فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے بولرز مخالف ٹیم پر دباؤ نہیں ڈال سکے۔اوپنر گرباز 65 اور ابراہیم نے 87 رنز کی اننگز کھیلی، 2 وکٹیں گرنے کے بعد بھی افغان ٹیم بالکل دباؤ میں نہیں آئی اور کپتان حشمت اللہ اور رحمت شاہ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو جیت دلوادی۔
کپتان حشمت اللہ شاہدی48 اور رحمت شاہ 77 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، افغانستان نے پاکستان کا ہدف 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

مزیدخبریں