ممبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے مقابلہ دیکھنے والوں کے سابقہ تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے۔
ڈیجیٹل اسٹریمر ڈزنی+ ہاٹ سٹار انڈیا ورلڈ کپ 2023کے ڈیجیٹل سٹریمنگ کے حقوق کا مالک ہے۔ اسٹریمر کے مطابق 4.3 کروڑ لائیو ناظرین نے اتوار کو نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت دیکھا۔ یہ لائیو سٹریمنگ کا ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے، جس نے 14 اکتوبر کو بھارت بمقابلہ پاکستان میچ کا قائم کردہ سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
یاد رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کی لائیو اسٹریمنگ ناظرین کی تعداد 3.5 کروڑ (35 ملین) تھی، جس نے ایشیاکپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے 2.8 کروڑ لوگوں کا ریکارڈ توڑاتھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2023 کے 21ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔ دھرم شالا میں کھیلے جانیوالے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے بھارت کو 274 رنز کا ہدف دیا گیا تھا، جو میزبان ٹیم نے 48ویں اوور کی چوتھی گیند پر پورا کرلیا۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ کپتان روہیت شرما 46 اور شریاس ائیر نے 33 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہول 27 اور شبمن گل 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔رویندرا جڈیجا 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سوریا کمار یادیو صرف 2 رنز بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فیرگوسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہینری اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل نے 130 رنز بنائے، ڈیرل مچل کی اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔