اسلام آباد: سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں دائر کردیں۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کی جانب سے دو نیب ریفرنسز ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں وکیل امجد پرویز کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئیں۔
درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیلوں کو بحال کر کے میرٹ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں اشتہاری ہیں، ایون فیلڈ ریفرنس میں انہیں 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
لندن میں قیام طویل ہونےکے باعث عدم پیروی پر اسلام آباد ہائیکورٹ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے جون 2021 میں نواز شریف کی اپیلیں خارج کردی تھیں۔