میلبرن : بھارت کی پاکستان کے خلاف جیت متنازعہ بن گئی ہے۔ محمد نواز کے آخری اوور میں اوور ہائٹ نوبال پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
میلبرن کے میدان پر کھیلے جا رہے میچ کا آخری اوور انتہائی سنسنی خیز رہا، نواز نے کوہلی کو اوور کی چوتھی گیند فل ٹاس کرائی جس پر کوہلی نے 6 رنز حاصل کرلیے تھے تاہم امپائر نے گیند کو نو بال قرار دے دیا جس کے باعث بھارت کو نہ صرف 7 رنز مل گئے بلکہ فری ہٹ بھی مل گئی جس نے بھارت کی جیت آسان بنادی۔
امپائرکی جانب سے اوور ہائٹ ہونے پرگیند کو نو بال قرار دیا گیا تاہم اس فیصلے سے قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم مطمئن نظر نہیں آئے اور ان کی امپائرز سے بحث بھی ہوئی۔
میچ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی نوبال کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ بال کھیلتے ہوئے کوہلی کا پاؤں کریز پہ تھا اس لیے یہ نو بال نہیں۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے کوہلی کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ نو بال پر ریویو کیوں نہیں لیا گیا؟ اور جب فری ہٹ پر کوہلی بولڈ ہوگئے تھے تو وہ بال ڈیڈ کیوں نہیں قرار دی گئی؟