لاہور : کالعدم مذہبی جماعت اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے ،علامہ سعد حسین رضوی نے حکومت کی بات ماننے سے انکار کر دیا ۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی اور علامہ سعد حسین رضوی کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ،علامہ سعد حسین رضوی نے حکومت کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا مرجائینگے لیکن ظالم کی حمایت نہیں کرینگے ،انہوں نے کہا حکومت معاملے کو سنجیدہ لینے کی بجائے طاقت سے دبانا چاہتی ہے ۔
واضح رہے اس وقت مذہبی جماعت کا لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد پہنچنے کیلئے جی ٹی روڈ پر موجود ہے جسے روکنے کیلئے حکومتی مشینری حرکت میں آچکی ہے ،مذہبی جماعت کے لاہور سے اسلام آباد کی طرف مار چ کو روکنے کیلئے حکومت نے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے جی ٹی روڈ پر 12 فٹ چوڑے اور 12فٹ گہرے گڑھے کھو ددئیے ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق حکومت نے مذہبی جماعت کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کیلئے اسلام آباد سے لاہور جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کرد یا ،جی ٹی روڈ بند ہونے سے نہ صرف شہریوں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ لاہور اسلام آباد موٹر وے پر گاڑیوں کا سمندر اُمڈ آیا ہے ۔
کالعدم مذہبی جماعت کے مارچ کو روکنے کیلئے دریائے چناب کے قریب گڑھے کھود دئیے گئے ہیں ،ہمارے نمائندہ کے مطابق جی ٹی روڈ ٹول پلازہ کے قریب تقریبا 12 فٹ چوڑے اور 12 فٹ گہرے گڑھے کھودے گئے ہیں تاکہ مارچ کے راستے میں رکاوٹیں حائل کی جا سکیں ۔