اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف جیت کیلئے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، انشا اللہ بھارت سے ضرور جیتیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور قریبی رفقاءسے کرکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے جو بھارت کے خلاف ضرور کامیاب ہوگی، دعا ہے قومی ٹیم بھارت کو شکست دے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز کل بھارت کیخلاف میچ سے کرے گی جس کیلئے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں جبکہ میچ کیلئے قومی ٹیم کے 12 رکنی سکواڈ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے البتہ پلیئنگ الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔
پاکستانی سکواڈ کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔