ٹی 20 ورلڈکپ میں کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا: جیسن روئے

02:59 PM, 23 Oct, 2021

دبئی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز جیسن روئے کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اس لئے کسی ایک ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیسن روئے نے کہا کہ مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں شریک تمام کھلاڑی بھرپور صلاحیتیوں کے حامل ہیں۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم ہو یا پھر پاکستان، ویسٹ انڈیز ہو یا جنوبی افریقہ یا پھر کوئی اور ملک، سب کے پاس ایک سے ایک بڑھ کر کرکٹر موجود ہے اس لئے کسی ایک ٹیم کو فیورٹ قرار دینا مشکل فیصلہ ہے۔ 
جیسن روئے کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں اور سب ہی میگا ایونٹ جیتنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے برعکس ٹی 20 کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کیلئے کھلاڑیوں کے پاس وقت بہت کم ہوتا ہے اور جلدی فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔ اوپنرز پر بھی دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے کہ ٹی 20 فارمیٹ میں اننگز کا اچھا آغاز کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ 
اس موقع پر انہوں نے ٹی 10 کرکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی 20 سے زیادہ مشکل فارمیٹ ہے جس میں پہلی بال سے ہی ہٹنگ شروع کرنا ہوتی ہے تاہم اس فارمیٹ کو اولمپکس میں شامل کیا جا سکتا ہے اور ایسا کرنے سے کرکٹ کی مقبولیت کیساتھ ساتھ آئی سی سی کے ممبر ممالک کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔ 

مزیدخبریں