ابوظہبی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 13 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیتنے کیلئے صرف 119 رنز کا ہدف دیا ہے۔
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز ہی بنائے۔
ایڈن مارکرم 36 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ ٹیمبا باووما 12، کوینٹن ڈی کوک 7، ریسی وینڈرڈوسن 2، ہینرچ کلاسن 13، ڈیوڈ ملر 16، ڈوین پریٹوریس 1، کاگیسو ربادا 19 اور اینرچ نورجے 2 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایڈم زامپا نے 4 اوورز میں 21 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سٹارک نے 4 اوورز میں 32 رنز ے عوض 2 اور پیٹ کومنز نے 4 اوورز میں 17 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، گلین میکس ویل، سٹیو سمتھ، مارکوس سٹوئنس، میتھیو ویڈ، پیٹ کومنز، مچل سٹارک، ایڈم زامپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی قیادت ٹیمبا باووما کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوینٹن ڈی کوک، ایڈن مارکرم، ریسی وینڈرڈوسن، ڈیوڈ ملر، ہینرچ کلاسن، ڈوین پریٹوریس، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینرچ نورجے اور تبریز شمسی شامل ہیں۔