لاہور: ملکہ ترنم نورجہاں کے بارے گلوکار علی عظمت کی طرف سے نازیبا الفاظ نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گلوکار علی عظمت نے ملکہ ترنم نورجہاں کو بوڑھی مائی قرار دیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف راک سٹار علی عظمت نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم چھوٹے تھے تو ہم نے ٹی وی پر ایک آنٹی کو گاتے دیکھا جو اس وقت اوور میک اپ کرکے کوفتہ نما شکل کے گاتی نظر آتی تھی اور ہمارے والدین ان کو بہت توجہ سے سنتے تھے ۔
علی عظمت کا کہنا تھا کہ بوڑھی مائی نما آنٹی کو گاتا دیکھ کر ہمیں چڑ ہوتی تھی کہ یہ کیا ایک ہی چہرہ باربار نظر آتا ہے اور ہم اس کو دیکھ دیکھ کر عاجز آچکے تھے ۔
گلوکار علی عظمت کی ٹی وی انٹرویو میں کی گئی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس سے فنون لطیفہ سے منسوب افراد نے علی عظمت کو کھری کھری سنادیں ۔
پاکستان کے معروف اینکراور تجزیہ نگارڈاکٹر عمر عادل نے کہا کہ علی عظمت ایک بھانڈ نما شخص ہے جس کی بات سن کر ملکہ ترنم نورجہاں کے چاہنے والے سخت غصے میں ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس پر ہمیں غصہ نہیں کرنا چاہئے بلکہ ہمیں ملکہ ترنم نورجہاں سے عقیدت اور محبت کو اجاگر کرنا چاہئے ۔ اللہ نے ہمیں یہ موقع دیا ہے کہ ہم ان کے فن اور ان کی شخصیت کو اور بھی نمایاں کرسکیں ۔
گلوکار سائرہ نسیم نے کہا کہ علی عظمت کا نام تو بہت اچھا ہے لیکن اس کی بات بہت بری ہے ۔ اور میں سمجھتی ہوں کہ جو بندہ اپنے سینئرز کی عزت نہیں کرتا اس کو کبھی بھاگ نہیں لگتا ۔ علی عظمت کو شرم کرنی چاہئے اور اس بات پر معافی مانگنی چاہئے ۔
گلوکار انور رفیع نے کہا کہ پاکستان کی گلوکار برادری تو علی عظمت کو گلوکار سمجھتی ہی نہیں ۔ ملکہ ترنم نورجہاں اتنی بڑی شخصیت ہیں کہ علی عظمت جیسے بندے کو تو ان کا نام بھی نہیں لینا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی فن اور فنکار کی عزت کرتا ہے اس کو علی عظمت کے بیان سے دیکھ ہوا ہے ۔
گلوکار ترنم ناز نے کہا کہ علی عظمت ہے کون اس کو کون جانتا ہے ملکہ ترنم نورجہاں کے سامنے اس کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے ۔ اس کو اپنی بات پر معافی مانگنی چاہئے ۔
گلوکارتنویر آفریدی نے کہا کہ علی عظمت ایک اچھا فنکار ہے لیکن اس کی بات اچھی نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور کے سارے فنکار مل کر بھی ملکہ ترنم نورجہاں جتنا کام نہیں کرسکتے ۔ ان کی آواز ان کی ادائیگی کسی اور گلوکارہ کو نصیب ہی نہیں ہوئی۔ وہ ہمارے ملک کا اہم اثاثہ ہیں علی عظمت کو شرم آنی چاہئے ۔
فنون لطیفہ کی ممتا زشخصیات کی طرف سے علی عظمت کو ان کے بیان کے بعد خوب جلی کٹی سنائی گئیں جس کے بعد علی عظمت نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے بیان کی وضاحت کردی اور کہا کہ میری ویڈیو کو ایڈیٹ کرکے لگایا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ۔
علی عظمت کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بچپن کی بات کی تھی کیونکہ اسوقت ہم چھوٹے تھے ہمیں گلوکاری کا تو پتہ ہی نہیں تھا لیکن جب ہم بڑے ہوئے تو ہمیں اندازہ ہوا کہ یہ تو ہمارے ملک کی بڑی فنکارہ ہیں ۔ اللہ ان کو جنت میں جگہ دے میں ان کے بارے میں کوئی ایسی بات نہیں کرسکتا جو ان کی شایان شان نہ ہو ۔