نیویارک: امریکا کا ہائپر سونک میزائل کا تجربہ ناکام ہوگیا ۔ تجربے کی ناکامی کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق ، آواز کی رفتار سے بھی 5 گنا تیز ہائپر سونک میزائل کی غیر معمولی رفتار بڑھانے والا راکٹ ناکام ہوگیا ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کی جانب سے اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین نے ہائپر سونک میزائل کا تجربہ کیا ہے ۔ جبکہ چین نے ہائپر سانک میزائل کا تجربہ کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جولائی میں ایک معمول کا تجربہ کیا گیا تھا جس میں مختلف قسم کی دوبارہ قابل استعمال خلائی ٹیکنالوجی کو جانچا گیا تھا ۔
بین الاقوامی جریدے 'فائنینشل ٹائمز' کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اس خبر سے تشویش کی ایک لہر دوڑ گئی تھی جہاں امریکہ کے خفیہ اداروں کو اس بارے میں کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی اور وہ یہ جان کر حیران رہ گئے تھے ۔
ہائپرسانک میزائل عام میزائلوں کے مقابلے میں انتہائی تیز رفتار اور سبک ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا توڑ کرنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے ۔ اس خبر سے چین کی جوہری صلاحیت کے بارے میں پہلے سے پائی جانے والی تشویش میں مزید زیادہ اضافہ ہو گیا تھا ۔