ڈینگی بخار میں مبتلا خاتون چل بسی، ورثاء کا احتجاج

08:25 AM, 23 Oct, 2021

لاہور:ڈینگی بخار کے وار جاری ، لاہور میں ڈینگی بخار کے باعث خاتون انتقال کرگئی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی رہائشی خاتون کو بخار کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں لایا گیا تھا ۔ابتدائی چیک اپ کے بعد پتہ چلا کہ خاتون ڈینگی بخار میں مبتلا ہے ۔ جس پر ان کو ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ۔

اہلخانہ کے مطابق چند گھنٹوں کے بعد خاتون کی طبعیت زیادہ خراب ہوگئی اور ان کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ڈاکٹروں نے وینٹی لیٹر پر شفٹ کرنے کا سوچا لیکن اس وقت ان کو کوئی وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے خاتون دم توڑ گئی ۔

میڈیا سے گفتگو میں ورثاء نے الزام لگایا ہےکہ اسپتال انتظامیہ نے وینٹی لیٹرمہیا کرنےسےانکارکردیا تھا جس کی  وجہ سے مریضہ کا انتقال ہوگیا اگر ہسپتال انتظامیہ وینٹی لیٹر مہیا کردیتی تو وہ بچ سکتی تھیں ۔خاتون کی وفات پر ان کے اہلخانہ نے احتجاج کیا اور خاتون کی وفات کا ذمہ دار ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کو قرار دیا ۔

دوسری جانب ایم ایس سروسز اسپتال کا کہنا ہے  کہ وینٹی لیٹرصرف کوروناوائرس کے مریضوں کےلئے ہیں ۔

یاد رہے کہ رواں سال پنجاب میں ڈینگی وائرس سے اب تک 25 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں سے  12 کا تعلق لاہور سے ہے ۔

حکومت کی طرف سے ڈینگی مچھر کی وجہ سے پھیلنے والے بخار کے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے ۔

محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے ڈینگی بخار کے سستے ٹیسٹ کے لئے تمام ہسپتالوں میں ڈیسک مقرر کئے جاچکے ہیں اور ڈینگی بخار کے لئےآگاہی کے لئے ڈاکٹروں کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی جاچکی ہیں ۔

مزیدخبریں