اسلام آباد: معاون خصوصی بابر اعوان نے کہا ہے کہ ہائوس رولز آف بزنس پر عمل اور سپیکر کی تکریم کے بغیر نہیں چل سکتا۔احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن سپیکر کی چیئر کا تقدس پامال نہ کیا جائے
وزیر اعظم کے معاون خصوصی پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن گزشتہ روز اپوزیشن نے سپیکر کی چیئر کا تقدس پامال کیا، دنیا نے دیکھا، ہائوس کو درست طریقہ سے چلانا ہے تو اپوزیشن کیلئے آسان نسخہ ہے کہ سپیکر جو بھی ہائوس چلانے کے حوالے سے میٹنگ بلائے اس میں اپوزیشن شریک ہو،اپنے اعتراض وہاں اٹھائے، وہاں جو فیصلہ ہو اس پر عمل ہو، معاملہ کو سنجیدگی سے لیا جائے ۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ گزشتہ روز ڈپٹی سپیکر ایوان چلا رہے تھے تو اپوزیشن ارکان نے سپیکر کی چیئر کا تقدس پامال کیا، سیٹیاں بجائیں، سپیکر ڈائس کا گھیرائو کیا، ڈپٹی سپیکر کی کرسی کے سامنے جا کر پر کاغذ کے ٹکڑے پھینکے ، ان کو سانس لینا بھی دشوار ہو گیا، یہ دنیا نے دیکھا، ہائوس کو درست طریقہ سے چلانا ہے توآسان نسخہ ہے ،سپیکر جو بھی ہائو س کے حوالے سے میٹنگ بلائے اس میں اپوزیشن شریک ہو
بابر اعوان نے کہا کہ اپنے اعتراض وہاں اٹھائے، وہاں جو فیصلہ ہو اس پر عمل ہو، اگر یہ نہیں ہو گا تو پھر یہ گلہ نہیں کیا جا سکتا کہ ایک سائیڈ سیٹیاں بجائے، نعرے لگائے اور کاروائی روکنے کی کو شش کرے اور پھر دوسری سائیڈ پھر اپنا احتجاج ریکارڈ نہ کرے، معاملہ کو سنجیدگی سے لیا جائے ، سپیکر اجلاس بلائیں اور اپوزیشن جماعتیں اس میں شرکت کریں۔