دشمن کی سازش ہے پاکستانیوں کو لڑا کر کشمیر سے ہٹایا جائے ،مشال ملک 

09:17 PM, 23 Oct, 2020

راولپنڈی: کشمیری رہنما مشال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کاز واحد تحریک ہے جس پر ساری قوم لبیک کہتی ہے ،دشمن کی سازش ہے پاکستانیوں کو لڑا کر کشمیر سے ہٹایا جائے، بھارت جان لے کسی قسم کا سودا نہیں کریں گے،سیاسی پارٹیاں کرپشن کیخلاف جلسے کریں یا ووٹ کو عزت دلائیں بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے۔ 

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  مشال ملک نے کہاکہ بہت خوش قسمت ہوں کہ کشمیر ریلی میںہر مکتبہ فکر لوگوں نے شرکت کی ہے ،ہم نے گراس روٹ پر کشمیر کاپیغام لے کر جانا ہے،تاجروں نے کاروبار چھوڑ کر شرکت کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندو ،مسلمان اور سکھ بھی آج ہمارے شانہ بشانہ چلے ہیں،کشمیر کاز واحد تحریک ہے جس پر ساری قوم لبیک کہتی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ دشمن کی سازش ہے پاکستانیوں  کو لڑا کر کشمیر سے ہٹایا جائے۔ کشمیر میں ظلم کاراج آر ایس ایس اور مودی کا ہے۔ دنیا چھ ماہ کے لاک ڈائون سے مشکلات میں ہے ،کشمیر ستر سال سے کربلا سے گزر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کیا دنیا کو  کشمیر کی مائوں بہنوں کی چیخوں کی آواز سنائی نہیں دے رہی،تمام حریت لیڈرز کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے،کشمیری لیڈر بلٹ پروف گاڑیوں میں نہیں نہتے ہندوستانی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

مشال ملک نے کہا کشمیری کسی قسم کا سودا نہیں کریں گے،انہوںنے کہاکہ ہم نے شہادتیں سودا بازی کیلئے نہیں دیں، سیاسی پارٹیاں کرپشن کیخلاف جلسے کریں یا ووٹ کو عزت دلائیں بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے۔انہوںنے کہاکہ کیا آپ اس کا انتظار کرتے آخری کشمیری بھی شہید ہو جائے تب نکلیں گے،گیلانی صاحب کو گھر پر نظر بند کرکے ٹارجر کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی مٹی میں کشمیریوں کا خون شامل ہے،توڑ کر یہ زنجیریں ہر لب کو آزاد کریں گے۔

مزیدخبریں