مقبوضہ کشمیر، پی ڈی پی رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے بھارتی ترنگا ہٹا دیا

07:00 PM, 23 Oct, 2020

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں کشمیری رہنماؤں نے بڑا اقدام کر ڈالا۔ پی ڈی پی رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے بھارتی جھنڈا ہٹا دیا۔ پریس کانفرنس میں صرف کشمیری اور پی ڈی پی کے پرچم رکھے گئے۔ بھارتی ترنگے کو ہٹائے جانے پر بھارتی میڈیا کو مرچیں لگ گئیں اور تلملا اٹھا۔ 

مقبوضہ کشمیر کی سابقہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اعلان بغاوت کرتے ہوئے کہا جب تک کشمیر کا قومی پرچم بحال نہیں ہوتا تب تک بھارتی ترنگا بھی قبول نہیں کریں گے۔ 

محبوبہ مفتی نے انتہا پسند مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیری پرچم اور آرٹیکل 370 کے واپسی نہیں ہوتی تب تک بھارت سے کوئی واسطہ نہیں رکھیں گے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 13 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو نظر بندی کے ایک سال بعد رہا کیا گیا تھا ۔ 

 محبوبہ مفتی بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی معطلی کے بعد سے نظر بند تھیں اور ان سے کسی کو بھی ملنے کی اجازت نہیں تھی تاہم گزشتہ سال محبوبہ مفتی سے ان کی والدہ اور بہن کو ملنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ بھی گزشتہ سال 5 اگست سے نظر بند تھے تاہم انہوں نے نظر بندی کے فیصلے کے اگلے روز میڈیا سے بات کی تھی جس کے بعد ان کے گھر کے اطراف کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی اور پھر انہیں گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مزیدخبریں