لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ یہ حکومت جاتی نظر آرہی ہے اور صفحہ پلٹ گیا ہے،کونسی ریاست اپنی بیٹیوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے؟۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری کی ویڈیومنظر عام پر آنے کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا کہ اسی سے اندازہ لگا لیں کہ کتنا گھبرائے ہوئے ہیں، یہ حکومت جاتی نظر آ رہی ہے اور صفحہ پلٹ گیا ہے۔
ایک خاتون کے کمرے میں دروازہ توڑ کر زبردستی گھس آنا جب وہ سو رہی ہو،کیا انتقام کی آگ واقعی اتنا اندھا کردیتی ہے کہ انسان اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے؟ کونسی ریاست اپنی ہی بیٹیوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے؟ مافیا کون ہے، ریاست کے اوپر ریاست کیا ہوتا ہے، آج سب کے سامنے ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی گرفتاری کی ویڈیو گزشتہ روز منظر عام پر آئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ گرفتاری کا آپریشن 46 منٹ جاری رہا، صبح 6 بج کر 8 منٹ پر ہوٹل میں پولیس کی 2 موبائلیں داخل ہوئیں۔
فوٹیج کے مطابق 6 بجکر 46 منٹ پر پولیس ٹیم 15 ویں فلور پر مریم نواز کے کمرے کے باہر پہنچ گئی اور مریم نواز کے کمرے کے باہر سیاہ لباس اور جوگرز پہنا شخص فون پرہدایات لیتا رہا جب کہ 6 بجکر 48 منٹ پر اہلکار دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے اور 6 بجکر 50 منٹ پر کیپٹن صفدر کو کمرے سے باہر نکال کر حراست میں لیا گیا۔ویڈیو فوٹیج کے مطابق لفٹ اور لابی میں سادہ لباس میں ایک شخص کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ویڈیو بناتا رہا۔
یاد رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے 18 اکتوبر کو کراچی کے باغ جناح میں جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکت کیلئے ن لیگ کا وفد مریم نواز کی قیادت میں 18 اکتوبر کی صبح کراچی پہنچا جس میں کیپٹن (ر) صفدر بھی موجود تھے۔
ن لیگ کا وفد مزار قائد گیا جہاں مریم اور دیگر رہنماؤں نے قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ اور ’مادر ملت زندہ باد‘ کے نعرے لگوادیے جس پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
18 اکتوبر کو پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد 19 اکتوبر کی علی الصبح سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا جنہیں بعدازاں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔