لاہور:حکومت کی خصوصی اجازت کے بعد چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مریم نواز کو اپنے والد محمد نواز شریف کی عیادت کےلئے کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال لایا گیا ،طبیعت ناساز ہونے پر مریم نواز کو بھی ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کی خصوصی اجازت کے بعد مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال لایا گیا جہاں انہوں نے اپنے والد سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور دونوں نے ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھایا ۔ اس موقع پر ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کو دی جانے والی علاج معالجے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔
والد سے ملاقات کے دوران مریم نواز کی طبیعت بھی ناساز ہوگئی جس کے بعد محکمہ داخلہ کو درخواست دی گئی اور انہیں بھی سروسز ہسپتال میں ہی داخل کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف وی وی آئی پی روم ایک میں ہیں جبکہ مریم نواز کووی وی آئی پی 2 میں داخل کیاگیا۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق مریم نواز کو چوبیس گھنٹے کی پیرول پر رہائی ملی تھی ۔ مریم نواز نے نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر کیس کی سماعت کرنے والے جج سے والد سے ملاقات کرانے کی اجازت دینے کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ان کی درخواست کو دائرہ اختیار میں نہ ہونے کے باعث مسترد کردیا تھا۔
بعدازاں محکمہ داخلہ کو والد کی عیادت کےلئے خصوصی اجازت کی درخواست کی گئی تھی جسے منظو رکر لیا گیا تھا۔