سعودی عرب کی پاکستان کو تین ارب ڈالر کی امداد ، ملازمین کیلئے ویزہ فیس بھی کم کر دی

سعودی عرب کی پاکستان کو تین ارب ڈالر کی امداد ، ملازمین کیلئے ویزہ فیس بھی کم کر دی
کیپشن: image by facebook

جدہ :وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری ، سعودی عرب نے قرضوں کی ادائیگی کے لیے پاکستان کو تین ارب ڈالر دینے اور  پاکستانی افراد قوت کے لیے ویزہ فیس کم کرنے کی بھی منظوری دے دی ۔عمران خان نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے اہم ملاقاتیں کیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی کے لیے تین ارب ڈالر دینے کی منظوری دے دی ہے جبکہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے ویزہ فیس بھی کم کر دی گئی ہے۔

اعلامیہ میں تبایا گیا ہے کہ سعودی عرب موخر ادائیگیوں پر تین ارب ڈالر تک کا تیل فراہم کرے گا ,مجموعی طور پر تین سال کے لیے نو ارب ڈالر کا تیل ادھار دے گا ، سعودی عرب کا معدنی وسائل کو ترقی دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔بلوچستان حکومت کی آمادگی کے بعد سعودی عرب کے وفد کو دورے کی دعوت دی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی  آئے گی، معاہدے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آئے گا , پاک سعودی معاہدے کےحوالے سے سعودی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

خیال رہے کہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ستمبر میں سب سے پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا ہی کیا تھا اور ان کے دورے کے دوران یہ خبریں سامنے آگئی تھیں کہ پاکستان سعودی عرب سے ادھار پر تیل لینے کی درخواست کرے گا۔وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات گئے تھے اور پھر وطن واپس آگئے تھے اور اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔


 

اب وزیراعظم عمران خان ریاض میں جاری عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے ایک بار پھر سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کی کانفرنس میں شرکت کی اہم وجہ مالی معاونت کے حوالے سے سعودی قیادت سے بات کرنا تھی۔عمران خان اپنے متعدد بیانات اور انٹرویوز میں واضح طور پر یہ بات کہہ چکے ہیں کہ پاکستانی معیشت تاریخ کی بدترین حالت میں ہے اور اس صورتحال سے نکلنے کیلے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور دوست ممالک سے قرض کا حصول ناگزیر ہے۔