دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر خواتین کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بولر بن گئیں جب کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔
پاکستان ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کی بولنگ آسٹریلیا کے خلاف بھی کمال کی رہی اور انہوں نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 7 وکٹیں حاصل کیں، ان کی شاندار پرفارمنس ٹیم کو تو کامیابی نہ دلا سکی لیکن ثناء میر کو بولرز کی رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچا دیا۔
ثناء نے 4 درجے ترقی پائی اور آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا اور ساتھ ہی آل راؤنڈرز میں بھی پانچویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
پاکستان کی تجربہ کار آل راؤنڈر ثناء میر 112 ون ڈے اور 90 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔