ممبئی:بھارتی میگا میوزک کمپوزر و گلوکار انو ملک پر گزشتہ ہفتے 2 گلوکاراؤں شویتا پنڈت اور سونا مہاپترا کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے اگرچہ انو ملک نے خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا تھا، تاہم گلوکاراؤں کا دعویٰ تھا کہ میوزک کمپوزر کی جنسی حرکتوں سے پوری انڈسٹری واقف ہے۔
شویتا پنڈت اور سونا مہاپترا کے بعد اب مزید 2 گلوکاراؤں نے میوزک کمپوزر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انو ملک نے انہیں اس وقت نازیبا روئیے کا نشانہ بنایا جب وہ کیریئر کے ابتدائی دور میں تھیں۔
بھارتی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا انو ملک پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی دونوں گلوکاراؤں نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی،دوسری جانب انوملک مختلف خواتین کی جانب سے لگائے جانیوالے جنسی ہراسگی کے الزامات کے بعد انڈین آئیڈل سے باہر ہوگئے۔
انوملک نے انڈین آئیڈل چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا میں نے انڈین آئیڈل سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس شوکی وجہ سے میں اپنے کام اور میوزک پر توجہ نہیں دے پارہا تھا تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انو ملک نے کام کی وجہ سے شو نہیں چھوڑا بلکہ چینل انتظامیہ انو ملک پر لگائے جانیوالے الزامات کو کافی سنجیدگی سے لے رہی تھی اور گزشتہ رات ہونیوالی میٹنگ میں انتظامیہ نے انوملک کو شو سے فارغ کردیا ہے۔